سرزمین زامبیا پر خادم القرآن حضرت مولانا
غلام محمد وستانوی صاحب کی آمد
اور
تقریب ختم بخاری شریف
از: خورشید عالم داؤد قاسمی*
Email: qasmikhursheed@yahoo.co.in
ہندوستان کے ممتاز،نامی گرامی اور شہرت یافتہ عالم دین اور
ہزاروں دینی وعصری مکاتب ومدارس اور اسکولس وکالجز کے بانی: خادم القرآن والمساجدحضرت
مولانا غلام محمد وستانوی صاحب –حفظہ اللہ ورعاہ– نے 9 تا 18/فروری 2017 تک زامبیا کے دورےپر تھے۔ آپ زامبیا کے تعلیمی اور رفاہی
ادارہ: "مون ریز ٹرسٹ" کے تحت چل رہے "شعبہ عالمیت" کی تقریب
ختم بخاری اور جلسہ دستاربندی، بہ روز: سنیچر، بہ تاریخ: 11/فروری 2017ء، بہ مطابق: 13/جمادی الاولی 1438ھ، کے لیے "ٹرسٹ" کی دعوت پر تشریف لائے تھے۔ ٹرسٹ کا شعبہ عالمیت سن 2011 میں قائم ہوا ۔سن 2016 عیسوی کے اختتام پر، اس شعبہ سے دورۂ حدیث شریف مکمل کرنے
والی پہلی جماعت نے اپنی رسمی تعلیم سے
فراغت حاصل کی اور حضرت سے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس اور ان کے ہاتھوں سے دستار بندی کی
سعادت سے سرفراز ہوئے، فللہ الحمد والمنّۃ۔
بہت سے لوگ حضرت مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کی مصروفیات سے واقف ہیں؛ مگر ان
مصروفیات ومشغولیات کےباوجود بھی حضرت نے دعوت قبول کرکے ٹرسٹ کے ذمے داران اور
طلبہ واساتذہ کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ ان کی اس آمد پر، ہم عمیق قلب سے ان کے
شکرگزار ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ جزاہ اللہ احسن الجزاء!
حضرت مولانا وستانوی صاحب – دامت برکاتہم– کی تشریف آوری کا پروگرام 9/فروری 2017کو، "ایتھوپیا ائر لائنس" سے طے ہوا۔
مولانا 9/فروری کو
دوپہر ساڑھے بارہ بجے، مذکورہ
ائرلائنس سے زامبیا کی دارالحکومت "لوساکا" (Lusaka) تشریف لائے۔ آپ کے استقبال میں ٹرسٹ کے ڈپٹی چیرمین: جناب نجمل
پٹیل صاحب، حضرت مولانا عبد الرشید راوت صاحب اور جناب عبد المجید صاحب اپنے رفقاء
کرام کے ساتھ، لوساکا طیران گاہ پر موجود
تھے۔ جوں ہی آپ فلائٹ سے باہر آئے، موجود حضرات نے آپ کا بڑی خوشی ومسرت کے ساتھ والہانہ استقبال کیا اور امیگریشن (Immigration) کی کاروائی مکمل ہونے کے بعد،آپ کو لے کر جناب عبد المجید صاحب کے گھر
پہونچے۔ جناب عبد المجید صاحب بڑے خوش
قسمت ہیں کہ مولانا وستانوی صاحب جب بھی زامبیا تشریف لاتے ہیں؛ تو ان کے ہی دولت
خانے پرتشریف رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔پھرانھوں
نے اگلے دن (10/فروری 2017ء کو)، زامبیا کے معمر عالم دین
اور سیکڑوں علماء کے استاذ ومربی حضرت مولانا صدیق صاحب –دامت برکاتہم– اور جناب مولانا محمد –سلمہ اللہ– بن
جناب عبد المجید صاحب کی معیت میں، ڈومیسٹک ایرلائن (Domestic Airline) سے کساما(Kasama) کے لیے روانہ ہوئے۔ پھر کساما سے مپلنگو (Mpulungu) بذریعے کار آنا ہوا۔ مپلنگو سےکساما 208؛ جب کہ لوساکا سے 1060کلو میٹرس کے فاصلے پر واقع ہے۔ ٹرسٹ کے تحت چل رہے ادارے: نرسری تا سینئر سکنڈری
بوائز اسکول، نرسری تا سینئر سکنڈری گرلز اسکول، شعبہ عالمیت وغیرہ اسی شہر مپلنگو میں قائم ہیں۔
حضرت مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کے استقبال کے لیے، کساما ڈومیسٹک
ایرپورٹ پر، ٹرسٹ کا 9/ رکنی وفد، ٹرسٹ کے چیرمین: جناب
شیخ شاہد متالا صاحب –حفظہ اللہ– کی قیادت میں موجود تھا۔ اس وفد کا
ایک رکن راقم الحروف بھی تھا۔ مولانا دوپہر میں، 2/بج کر 15/منٹ پر کساما ایرپورٹ پر فلائٹ سے پہنچے۔ اراکینِ وفد نے مولانا کا زوردار استقبال کیا اور ان کو لے کر،کساما میں ٹرسٹ کے تحت
چل رہی مسجد ومکتب میں آئے۔ وہاں پہنچتے ہی سب نے مولانا کی معیت میں، دوپہر کا
کھانا تناول فرمایا۔ پھر آپ نے نماز ادا کی اور وہاں سے سب لوگ کار سے مپلنگو کے
لیے روانہ ہوئے۔
مون ریز ٹرسٹ کے تحت چل رہے مکاتب
ومساجد کے ہیڈ: قاری افضل صاحب نے کساما میں، حضرت مولانا وستانوی صاحب –مدظلہ
العالی– سے یہ درخواست کی کہ یہاں سے جاتے ہوئے 32/کلو میٹرس کے فاصلے پر "سیلوکا" نامی ایک گاؤں ہے، جہاں لب سڑک مون
ریز کا ایک مکتب ہے؛ ہم سب نمازِ عصر اسی گاؤں میں ادا کریں ؛ چناں چہ ایسا ہی
ہوااور سب لوگ حضرت کی معیت میں، عصر سے کچھ پہلے "سیلوکا" پہنچے۔ اس
وقت طلبہ وطالبات مکتب میں پڑھ رہے تھے۔ پہنچتے ہی حضرت نے چند طلبہ سے کلمہ وغیرہ
سنا اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ پھر لوگوں نےعصر کی نماز ادا کی اور مپلنگو کا رخ کیا۔ مغرب کی نماز کے وقت، سب لوگ
مپلنگو پہنچے اور "گریٹ لیک
لوج" (Great Lake Lodge) میں، حضرت کو لے کر گئے، جہاں ان کے اور دوسرے مہمانان کرام کے قیام کا
انتظام تھا۔ مسجد دور ہونے کی وجہ سے،لوج میں ہی نماز وغیرہ کا انتظام کیا تھا۔ عشاء
اور مغرب کی نماز اور عَشائیہ سے فراغت کےبعد، حضرت مولانا
محمد ابراہیم صاحب قاسمی شولاپوری –حفظہ اللہ–، صدر: جمعیت علماء، شولاپور نے یہ
اطلاع دی کہ ہم سب فجر کی نماز اسی لوج میں ادا کریں گے اور فجر بعد حضرت کی مجلس
بھی ہوگی۔ واضح رہے کہ مولانا شولاپوری نے مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کے جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم، اکل کوا میں کئی سالوں تک تعلیم حاصل کی، پھر
سن 2002ء میں،
ایشیاء کی عظیم دینی درس گاہ : ازہر ہنددارالعلوم، دیوبند سے سند فضیلت
حاصل کیااور ان دنوں مون ریز میں بحیثیت مہمان مقیم ہیں۔ مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ–، مولانا شولاپوری سے بڑی محبت کرتے ہیں۔
فجر کی نماز کے وقت، نمازکے لیے علماء
وعوام کی جماعت وہاں موجود تھی۔ نماز کے بعد، حضرت نے بڑی میٹھی اور پیاری آواز
میں فرمایا: "جن لوگوں کو(کسی شیخ سے) ذکر کی اجازت ہے، وہ ذکر میں مشغول
ہوجائیں اور باقی لوگ تسبیح پڑھیں!" پھر حاضرین ذکر واذکار اور تسبیح وتہلیل
میں مشغول ہوگئے۔ یہ سلسہ تقریبا 20/منٹ تک چلتا رہا۔ مجلس کے بعد، حضرت نے "درود
تنجینا" کے ساتھ دعا کیا۔ مجلس کا منظر دیدنی تھا۔ اللہ تعالی حضرت کو صحت
وعافیت کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے! آمین!
بہ روز: سنیچر، 11/فروری 2017 کو، تقریبا 9/بج کر 30/منٹ پر، حضرت مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کی صدارت میں،
"جلسہ " کا افتتاح ہوا۔ طلبۂ کرام نے بڑی سلیقہ مندی سےپروگرام پیش کیا۔
طلبہ کے پروگرام کے بعد، مولانا محمد صاحب ، مون ریز ٹرسٹ کے ٹرسٹی: محترمی مولانا
عبد الرشید راوت صاحب –دامت برکاتہم– وغیرہم نے حاضرین کے سامنے اپنے تاثرات کا
اظہار کیا۔ اخیر میں، حضرت نے بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس "حدیث المسلسل
بالأولیة" سے شروع
فرمایا۔ پھر حدیث پر کلام کرتے ہوئے آپ نے فرمایا:
"یہ حدیث صحیح بخاری شریف کی کتاب التوحید کا آخری باب
ہے۔ اس عنوان کو آخر میں لاکر امام بخاری کی غرض کیا ہے؟ (1) منکرینِ وزنِ اعمال کی تردید۔ (2) قارئ کتاب اور حاضرین کو اس بات کی
تلقین ہے کہ آخرت میں وزنِ اعمال واقوال ہوں گے؛ اس لیے اپنے اپنے اعمال بڑھانے کی
فکر کریں! (3) جس کے اعمال بھاری ہوں گے، وہ فائزالمرام اور کام یاب ہوگا اور جس
کے سیئات بھاری ہوں گے وہ خائب وخاسر ہوگا۔"
مزید آپ نے فرمایا: "ہمارے استاذ حضرت مولانا
ذوالفقاراحمد صاحب –رحمہ اللہ– ہماری
(جامعہ اکل کواکی) ایک شاخ : "جامعہ عمر بن خطاب، کنج کھیڑا" میں پہلی
مرتبہ ختم بخاری شریف بڑی آن بان سے فرمایا۔ اس میں حضرت والا نے "مدارج
النبوۃ" نامی کتاب کے حوالے سے ایک وظیفہ حاضرین کے لیے ارشاد فرمایا تھا۔ وہ
میں آپ کو بتلا رہا ہوں۔ آپ نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص نمازِ فجر کی سنت اور فرض کے درمیان،اوّل اور آخر درود شریف پڑھ
کر 101/مرتبہ "سبحا ن
اللہ و بحمدہ، سبحان اللہ العظیم" پڑھے؛ تو اللہ تعالی رزق کے دروازے کشادہ
کردیتے ہیں کہ کبھی بھی رزق کی تنگی نہیں ہوگی۔"
آپ نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئےطلبہ سے یہ بھی فرمایا کہ
آپ امام بخاری (رحمہ اللہ) کی سیرت وسوانح کا مطالعہ ضرور کریں۔ ان کی زندگی سے آپ
بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سامعین تک آپ کا پیغام پہونچانے کے لیے محترم مولانا
محمد صاحب نےآپ کی تقریر کا انگریزی زبان میں ترجمہ کیا۔
بخاری شریف کے درس کے اختتام پر، مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– نے اپنی دونوں سندسے طلبہ کرام کو، حدیث کی اجازت بھی دی ـــــــ واضح رہے کہ حضرت
مولانا وستانوی صاحب نے دورہ حدیث شریف کی تکمیل اوّلا فلاح دارین، ترکیسر،
گجرات اور ثانیا جامعہ مظاہر علوم، سہارن
پور، سے کی ہے۔ حضرت نے فلاح دارین میں
بخاری شریف شیخ الاسلام مولانا سید حسین احمد مدنی کے شاگرد،حضرت مولانا مفتی احمد
بیمات صاحب (رحمہما اللہ) سے پڑھی ہے؛ جب
کہ مظاہر علوم میں، حضرت شیخ الحدیث مولانا زکریا صاحب (رحمہ اللہ) کے شاگرد رشید: حضرت مولانا یونس
صاحب جون پوری –حفظہ اللہ– سے پڑھی ہےـــــــ اس کے بعد، مولانا کے ہاتھوں طلبہ کو "عالمیت کی سند"
تفویض کی گئی۔ پھر مولانا وستانوی صاحب اور اسٹیج پر موجود علماء کرام نے ان طلبہ
کی دستاربندی کی۔ اللہ تعالی سے دعا ہے وہ
پاک ذات ہم سب کو عالم باعمل بنائے! آمین!
رات کے کھانے کے بعد، یہ
طے ہوا کہ کل فجر کی نماز ٹرسٹ کے تحت چل رہے مون ریز ٹرسٹ اسکول کی "مرکز
مسجد" میں ادا کی جائے؛ چناں چہ فجر کے وقت
حضرت مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کو اسکول کی مرکزمسجد لے جایا گیا،
جو مولانا کی قیام گاہ: "گریٹ لیک لوج"
سے تقریبا 3/کلو میٹرس کی دوری پر ہے۔ مسجد میں فجر کی نماز اور ذکر کے
بعد، مولانا محمد ابراہیم صاحب قاسمی نے حضرت سے درخواست کی کہ ان طلبہ کو ذکر کی فضیلت کے حوالے سے کچھ نصیحت
کردیں! مولانا شولاپوری یہ سوچ رہے تھے کہ مولانا اردو زبان میں کچھ نصیحت فرمائیں گے اور وہ ان کی
نصیحت کا ترجمہ طلبہ کو انگریزی میں کردیں گے؛ تا کہ وہ حضرت کی بات سمجھ سکیں؛
کیوں یہ طلبہ اردو سے بالکل ناواقف ہیں۔ مگر اس وقت مولانا شولاپوری اور حاضرین کے
تعجب کی انتہا نہیں رہی، جب انھوں دیکھا کہ مولانا نے طلبہ کو انگریزی میں خطاب کرنا
شروع کیااور جب تک بولے انگریزی زبان کا
ہی استعمال کیا۔ اس مختصر نصیحت کے بعد،
تفریح کے لیے چند احباب کی معیت میں تشریف لے گئے۔
حضرت مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– مسجد سےنماز وذکر اور
تفریح سے واپس آنے کےبعد، ناشتہ تناول
کرکے، مون ریز ٹرسٹ کے چیرمین: شیخ شاہد متالا صاحب –حفظہ اللہ– کے گھر تشریف لے گئے؛ جہاں ان کو ہندوستانی مستورات کو خطاب کرنا تھا۔ اس کےبعد،
مون ریز ٹرسٹ اسکول، شعبہ اسلامک اسٹڈیز
اور شعبہ عالمیت وغیرہ کے ہیڈوں کے ساتھ مختصر میٹنگ رکھی گئی تھی؛ جس میں
ہیڈوں نے اپنے اپنے شعبہ کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ اس میٹنگ میں بھی حضرت نےانگریزی
زبان میں اپنی رائے اور مشورے پیش کیے اور پھر میٹنگ کے آخری مرحلہ میں انگریزی
میں ہی ہیڈوں سے خطاب کیا۔ اسی میٹنگ کے دوران، حضرت مولانا محمد ابراہیم صاحب
قاسمی نے حضرت کے جامعہ اکل کوا کی تعارفی
ویڈیو جو کہ انگریزی زبان میں ہے،
اسے پروجیکٹر پر پلے کیا، جسے دیکھ کر حاضرین نے مولانا کی بیش بہا خدمات پر شکریہ
ادا کیا اور ان کے عظیم کارناموں کو سراہا۔
مکاتب کے ہیڈ: جناب قاری افضل
صاحب نے یہ پروگرام بنایا تھا کہ حضرت مولانا
وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کو مپلنگو سے تقریبا 3/کلو میٹرس
کی دوری پر،تنگانیکا جھیل (Tanganyika Lake) میں واقع ، ایک چھوٹا ساجزیرہ: "کروکوڈائل" (Crocodile Island)
میں، ٹرسٹ کے تحت چل رہے مکتب کی زیارت کے لیے بوٹ (Boat) سے لے جایا جائے۔ وہاں پہنچ کر حضرت دعا کردیں گے
اور قدرے تفریح بھی ہوجائے گی؛ چناں چہ
صبح کی میٹنگ کے اختام پر، صلاۃ الظہر اور ظہرانہ وغیرہ سے فارغ ہوکر، مولانا نے کچھ دیر آرام فرمایا۔ پھر پروگرام کے
مطابق، مولانا ٹرسٹ کے ٹرسٹیز، مختلف شعبے
کے ہیڈوں اور شہر کی چند معزز شخصیات کی معیت میں، قبیل صلاۃ العصر، بذریعے بوٹ (کشتی) جزیرہ کروکوڈائل تشریف لے گئے۔ وہاں پہنچتے
ہی پہلے سب لوگوں نے، باجماعت عصر کی نماز ادا کی۔ نماز کے بعد حضرت نے دعا کرایا
اور موجود مقامی لوگوں کو نماز کی ترغیب دی اور ان سے پابندی سے نماز پڑھنے کا
وعدہ کرایا۔ پھر مسجد کی تعمیر کے بارے میں استفسار کیا اور ساتھ ہی ساتھ فرمایا
کہ اس جگہ جو مسجد تعمیر ہوگی اس کا نام : "مسجدِ رحمان" رکھیں!اس کےبعد، حضرت
نے مکتب کے چند موجود بچوں سے کلمہ وغیرہ سن کر بڑی خوشی کا اظہار کیا۔
حضرت مولانا وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کی معیت میں، سارے احباب واپسی کے لیے بوٹ پر
سوار ہوئے۔ یہ وقت قبیل المغرب کا تھا۔ بوٹ میں ہی دو بار جماعت کی گئی اور سب
لوگوں نے نماز ادا کی۔ مولانانے پہلی جماعت کے ساتھ نماز ادا کی۔ موسم بہت ہی صاف
تھا۔ سب لوگ اس تفریحی سفر سے لطف اندوز ہو رہےتھے ۔ جب بوٹ چلنی شروع ہوئی، اسی
وقت حضرت نے میرا ہاتھ پکڑ کر کچھ سوالات کیے۔ پھر اس کے بعد،مستقل میں آپ کے
سامنے بیٹھا رہا اور مختلف موضوع پر، بات چیت ہوتی رہی۔ نماز کا وقت ہوا؛ تو ہم
لوگوں نے نماز ادا کی۔ اس کے بعد، پھر میں مولانا کے سامنے بیٹھ گیا اور حضرت کی
گفتگو پھر شروع ہوئی۔ اس گفتگو سے میرے لیے یہ اندازہ لگانا کوئی مشکل نہیں رہا کہ
حضرت کی نگاہ بلند، سخن دلنواز، فکر اونچی، حوصلہ
بلند اور اپنے قول وعمل میں مخلص
ہیں۔
وہاں سے واپسی کے بعد، نماز وغیرہ کے ادائیگی سے فارغ ہوکر،
حضرت نے آرام فرمایا اور 13/فروری 2017 کی صبح کو، مون ریز کے چیرمین: شیخ شاہدمتالا کی قیادت میں،
ایک 8/رکنی وفد آپ کو کساما اپرپورٹ تک رخصت کرنے گیا۔ فلائٹ اپنے وقت مقررہ پر
پہنچی اور 10/بج کر 35 منٹ پر آپ اپنے
رفقاءِ
سفر حضرت مولانا صدیق صاحب اور مولانا
محمد صاحب –حفظہما اللہ– کے ساتھ لوساکا کے لیے رخصت ہوگئے۔
مولانا سے جو میری گفتگو ہوئی اس خلاصہ پیش خدمت ہے:
طلبہ کے ساتھ شفقت سے پیش آئیں! میں ہر روز مغرب بعدشعبہ دینیات
کے سامنے جاکر بیٹھتا ہوں اور چھوٹے چھوٹے بچے میرے سامنے کھیلتے رہتے ہیں۔ ان کو
مجھ سے کوئی ڈر نہیں لگتا؛ بل کہ ان کو معلوم ہے کہ حضرت مجھے دیکھ کر خوش ہوتے
ہیں۔ اگر کسی کو مجھ سے ملنا ہو،چاہے وہ ہمارے کسی کالج کے ہی طلبہ کیوں نہ ہو، ان
کو دینیات میں آنا ہوتا ہے۔
بندہ راقم الحروف نے حضرت کے سامنے ڈاکٹر قاضی ظہیر صاحب،
صدر: انجمن اسلام، ممبئی کا جملہ نقل کیاکہ انھوں نے آپ کے بارے میں فرمایا کہ آپ
کو اگر نوبل پرائز بھی دیا جائے؛ تو آپ کی خدمات کے مقابلے میں کم ہوگا ۔ اس پر
حضرت نے مسکراتے ہوئے فرمایا: بیٹے! اس
دنیا کی کیا حقیقت ہے! اپنے کو تو جنت پرائز چاہیے اور بس!
حضرت نے فرمایا: انسان کو خوشامدی طبیعت نہیں ہونا چاہیے۔
جامعہ (اکل کوا) میں اتنے اساتذہ ہیں؛ لیکن میں کسی کو نہیں کہتا کہ آپ میرے سامنے
حاضری دیتے رہیں! میں تو چاہتا ہوں کہ بس کام ہوتا رہے۔
حضرت نے فرمایا: "کام کروانا" ایک بڑی صفت ہے۔
جہاں تک کام کرنے کی بات ہے؛ تو کام تو گدہا بھی کرتا ہے؛ لہذا انسان کو اپنے اندر
کام کروانے کی صلاحیت پیدا کرنی چاہیے۔
حضرت نے دارالعلوم، دیوبند کے اہتمام سے متعلق فرمایا کہ :
میڈیا والے ہم سے پوچھ رہے تھے کہ کیا آپ کورٹ جائیں گے؟ میں نے انکار کرتے ہوئے
کہا کہ دارالعلوم، دیوبند کے خلاف میں کبھی کورٹ نہیں جاسکتا۔
جس وقت حضرت نے اس راقم الحروف کا تعارف معلوم کیا، اس وقت
جب بندہ نے اپنا تعارف کراتے ہوئےبتایا کہ
میرا تعلق "سیتامڑھی، بہار" سے ہے اور میں نے ابتدائی تعلیم اشرف
العلوم، کنہواں، سیتامڑھی سے حاصل کی ہے؛
تو حضرت نے بہار کی اس بافیض دینی درس گاہ: اشرف العلوم کی تعریف کی اور ادارہ کے
ناظم، فقیہ العصر حضرت الاستاذ مولانا
زبیر احمد قاسمی صاحب –مدظلہ العالی– کا
بھی ذکر خیر فرمایا۔
اب اس مضمون کو ختم کرنا چاہتا ہوں؛ لیکن مناسب سمجھتا ہوں
کہ حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کا تعارفی خاکہ بھی پیش کردوں۔
آپ کے والد ماجد کا نام جناب اسماعیل
ابراہیم رندیرا صاحب (رحمہ اللہ) ہے۔ آپ کی پیدائش یکم جون 1950ء کو کوساڑی، گجرات میں ہوئی۔ آپ نے 1964 سے 1972 تک دارالعلوم فلاح دارین، گجرات میں تعلیم حاصل کی۔ آپ نے اولا
فلاح دارین سے 1972 میں دورۂ حدیث شریف
مکمل کیا۔ پھر 1973 میں ایک سال کے لیے جامعہ مظاہر علوم، سہارن پور
تشریف لے گئے اور دورۂ حدیث شریف میں پھر سے داخلہ لے کر صحاح ستہ پڑھی۔ مظاہر
علوم سے فراغت کے بعد، 1974 میں دارالعلوم،
کنتھاریہ، گجرات میں، بحیثیت مدرسِ شعبہ عالمیت آپ کی تقرری ہوئ۔ آپ نے 1983 تک کنتھاریہ میں بحیثیت مدرس اپنی مفوضہ ذمے داری انجام
دیتے رہے۔ اسی دوران، آپ نے ایک بار "اکل کوا" کا دورہ کیا۔ علاقے کی
صورت حال دیکھ کر، یہ طے کیا کہ اب ان کو اکل کوا میں کام کرنا
ہے؛ چناں چہ انھوں نے دارالعلوم، کنتھاریہ سے استعفی دے کر، اکل کوا کے مکتب میں
کام کرنا شروع کیا۔
اکل کوا کے مکتب سےمنسلک ہونے کے بعد، چند ہی ماہ وسال میں،
اللہ نے آپ کو وہ مقبولیت دی کہ آج آپ کی سرپرستی اور جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم،
اکل کواکے تحت، 168440 مکاتب کام کررہے
ہیں اور سیکڑوں مدارس ومساجد اوراسکول وکالجز
کے آپ بانی وسرپرست ہیں۔ عصری علوم کے حوالے سے بھی آپ کی خدمات آب زر سے لکھے
جانے کے لائق۔ آپ نے عصری اداروں کی تاسیس وتعمیر کے لیے بڑی جد وجہد کی۔ جامعہ
پول ٹیکنک کالج،آئی ٹی آئی،ڈی ایڈ کالج، بی ایڈ کالج،ڈی فارمیسی کالج، بی فارمیسی
کالج، ایم فارمیسی کالج،فارمیسی (پی ایچ ڈی)، بی یو ایم ایس اور ایم بی بی ایس یہ وہ ادارے اور کالجز ہیں جن سے قوم کے ہزاروں
نونہالوں نے استفادہ کیا اور آج قوم وملت کی خدمات میں مشغول ہیں۔ اللہ تعالی ان ادارے کو مزید ترقیات سے نوازے!
چند ایام حضرت مولانا غلام محمد وستانوی صاحب –حفظہ اللہ– کو
مپلنگو، زامبیا کی سرزمین پر دیکھ کر بڑا اچھا لگا۔ مولانا کی یہ خوبی بہت پسند
آئی کہ کسی سے بھی بات کرتے ہیں؛ تو ان کے الفاظ سے اپنائیت ٹپکتی ہے۔ ہر کوئی یہ
سمجھتا ہے آپ مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ مولانا اپنی عمر کی 65 بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ آپ شکر کے مریض ہیں، کمزوری اور ضعف
کے آثار نمایاں ہیں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو صحت وعافیت
کے ساتھ لمبی عمر دے اور قوم وملت کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے! آمین!
======٭٭٭======
*ہیڈ اسلامک اسٹڈیز ڈپارٹمنٹ، مون ریز ٹرسٹ اسکول، زامبیا،
افریقہ
No comments:
Post a Comment